کوئٹہ…….سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بارکھان میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی مرید بگٹی کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بزدلانہ حملہ نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں بلکہ پوری قوم پر حملہ ہے۔ وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے بہادر افسران اور اہلکار قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دہشتگردی انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے اور ایسے عناصر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قومی اتحاد، ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون اور عوام کی مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز، پولیس، ایف سی اور لیویز کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پوری قوم ان کی جرات، بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے شہید ڈی ایس پی مرید بگٹی کے درجات کی بلندی، اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہدائ کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، اور پاکستان ایک پرامن، مستحکم اور ترقی یافتہ مستقبل کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گا۔
دہشتگردی انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل