جعفرآباد، ڈکیتی میں ملوث چار مبینہ ملزمان کو گرفتار کر لیا

کوئٹہ(پ ر)ڈسٹرکٹ پولیس جعفرآباد نے سکھ برادری سے ہونے والی ڈکیتی کی واردات کو سراغ لگاتے ہوئے ڈکیتی میں ملوث چار مبینہ ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے لوٹی گئی نقد رقم، مسروقہ موبائل فون، بیٹریاں اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ایس ایس پی جعفرآباد محمد معروف عثمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی چوک ڈیرہ اللہ یار کے قریب سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے پہلاج سنگھ کی پرچون کی دکان پر چار مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر نقد رقم، موبائل فون، بیٹریاں اور دیگر سامان لوٹ لیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دے کر جدید تکنیکی ذرائع، ہیومن انٹیلی جنس اور پیشہ ورانہ تفتیش کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ 27 جولائی کو حبیب اللہ موڑ پر ناکہ بندی کے دوران مشتبہ افراد کو رکھنے کا اشارہ کیا ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے جنید نواز مغیری اور فیاض احمد چھلگری کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو مسروقہ موبائل فون اور دو ٹی ٹی پستول برآمد کیے گئے۔ایس ایس پی جعفر آباد کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ناکہ خانواہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی میں ملوث مزید دو مبینہ ملزمان، اسحاق مغیری اور مشتاق مغیری کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر چار مسروقہ موبائل فون، تین بیٹریاں، لوٹی گئی نقد رقم دو لاکھ 50 ہزار روپے اور چار بغیر لائسنس پستول برآمد کیے گئے۔ایس ایس پی جعفرآباد محمد معروف عثمان نے کہا کہ سکھ، ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کے جان و مال، کاروبار، مذہبی آزادی اور عبادت گاہوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ کسی بھی شہری کے خلاف جرم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں