لورالائی(خ ن)۔رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان طور اتمانخیل کی کاوشوں سے سرکاری اسکولوں میں سولر سسٹم نصب کرنے کی منظوری، ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان طور اتمانخیل کی خصوصی کاوشوں سے صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام (PSDP) کے تحت ضلع لورالائی کے مختلف سرکاری اسکولوں میں سولر انرجی سسٹم نصب کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ منصوبے کا مقصد بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث تعلیمی سرگرمیوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔تفصیلات کے مطابق ضلع لورالائی کے متعدد سرکاری تعلیمی ادارے طویل عرصے سے بجلی کی غیر یقینی فراہمی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ گرمی کے موسم میں بجلی کی بندش سے کلاس رومز میں پنکھے اور دیگر برقی سہولیات بند رہنے کے باعث طلبہ اور اساتذہ کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کے منفی اثرات تدریسی عمل پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان طور اتمانخیل کی سفارش پر متعلقہ اسکولوں میں جدید سولر سسٹم نصب کیے جائیں گے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔حاجی محمد خان طور اتمانخیل نے کہا کہ تعلیم کا فروغ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ضلع کے طلبہ کو جدید اور بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سولر سسٹم کی تنصیب سے نہ صرف بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن ہوگی بلکہ تعلیمی اداروں کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی اور ماحول دوست توانائی کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ ضلع لورالائی کو ترقی کے لحاظ سے بلوچستان کا ایک مثالی اور ماڈل ضلع بنایا جائے۔ عوام سے انتخابی مہم کے دوران کیے گئے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنانا ان کی اولین ذمہ داری ہے اور ہر ترقیاتی منصوبے کو بروقت مکمل کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہےرکن صوبائی اسمبلی نے بتایا کہ ضلع بھر میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، صحت کے شعبے کی بہتری، بجلی کی فراہمی، پینے کے صاف پانی کےمنصوبوں، تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے متعدد منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان ترقیاتی فرق کو کم کرنے کے لیے نئی اسکیمیں بھی صوبائی ترقیاتی پروگرام میں شامل کی جا رہی ہیں تاکہ تمام علاقوں کے عوام یکساں طور پر ترقیاتی ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقیاتی فنڈز کے شفاف استعمال، منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید فلاحی اور ترقیاتی منصوبے بھی متعارف کرائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسی کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، معیارِ زندگی میں بہتری اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنا ہی حقیقی ترقی کا معیار ہے۔علاقے کے عوام اور تعلیمی حلقوں نے سرکاری اسکولوں میں سولر سسٹم کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آئے گا بلکہ ضلع میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبے بھی بروقت مکمل ہو کر عوامی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کریں گے۔
لورالائی ، سرکاری اسکولوں میں سولر سسٹم نصب کرنے کی منظوری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل