لورالائی(خ ن)ہوم ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان کے احکامات اور کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم نے غیر قانونی اسلحہ کے کاروبار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شہر میں بغیر لائسنس قائم اسلحہ کی ایک دکان کو سیل کر دیا۔کارروائی کے دوران ایس ڈی پی او غلام اکبر بھی اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ موجود تھے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے دکان کا معائنہ کیا۔ ابتدائی جانچ کے دوران دکان کے مالک کی جانب سے اسلحہ کی خرید و فروخت کے لیے مطلوبہ قانونی لائسنس پیش نہ کیا جا سکا، جس پر بلوچستان آرمز ایکٹ 2022 کے تحت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے دکان کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے دکان کے مالک کو ہدایت کی کہ وہ ہوم ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان سے باقاعدہ لائسنس حاصل کرکے تمام قانونی تقاضے پورے کرے، بصورت دیگر دکان سیل رہے گی اور قانون کے مطابق مزید کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت، ذخیرہ اندوزی اور بغیر لائسنس کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ یا پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی اور عوامی تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ضلع بھر میں اسلحہ کی دکانوں، لائسنسوں اور دیگر حساس مقامات کی جانچ کا سلسلہ بھی مزید تیز کیا جائے گا۔
لورالائی، غیر قانونی اسلحہ کے کاروبار کے خلاف کارروائی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل