بلوچستان میں بدامنی کا بوجھ عوام پر، فضائی کرایے ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے

کوئٹہ……… بلوچستان میں زمینی شاہراہوں پر امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث فضائی سفر کی طلب میں اضافے کے ساتھ ہی ایئرلائنز کے کرایے بھی غیر معمولی حد تک بڑھ گئے ہیں، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔شہریوں کے مطابق کوئٹہ سے اسلام آباد کا یک طرفہ ہوائی ٹکٹ ایک لاکھ روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ کراچی کا کرایہ 80 سے 89 ہزار روپے کے درمیان وصول کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شاہراہوں پر سیکیورٹی خدشات کے باعث لوگ مجبوری میں فضائی سفر کا رخ کرتے ہیں، مگر ایئرلائنز اس صورتحال سے ناجائز مالی فائدہ اٹھا رہی ہیں۔سماجی اور کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ فضائی کرایوں کے تعین کے لیے مثر نگرانی کا نظام نظر نہیں آتا، جس کے باعث ایئرلائنز اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق اس صورتحال سے مریض، طلبہ، سرکاری ملازمین، کاروباری افراد اور دیگر عام مسافر شدید متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں نے وفاقی حکومت، سول ایوی ایشن اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فضائی کرایوں میں غیر معمولی اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، کرایوں کے تعین کے لیے شفاف اور مثر نظام نافذ کیا جائے اور بلوچستان کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ ہوائی سفر دوبارہ عام شہری کی استطاعت میں آ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں