تہران / کویت سٹی /واشنگٹن۔۔۔۔۔ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اس نے جنوب مغربی شہر اندیمشک کے اوپر ایک امریکی ایم کیو 9 ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا ہے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب نے کہا کہ یہ ڈرون اس کی ایرو اسپیس فورس کے زیرِ استعمال ایک نئے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے مار گرایا گیا۔۔۔۔ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن کی الازرق ائیربیس میں امریکی فوج کے مواصلاتی نظام، ایک مستقل ریڈار سائٹ کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی فوج نے کہا کہ یہ کارروائی ایران پر حالیہ حملوں کے جواب میں کی گئی، جن میں بمپور بیرکس پر حملہ بھی شامل ہے، جس میں ایران کے مطابق 7 فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ دریں اثناءایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اس نے کویت میں واقع علی السالم ائیربیس پر میزائل اور ڈرونز سے مشترکہ حملہ کیا ہے۔ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق اس نے (C-RAM) ابتدائی وارننگ ریڈار اور امریکی فوجیوں کے جمع ہونے کے مقام کو نشانہ بنایا۔ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق یہ حملہ آپریشن نصر 2 کی آٹھویں لہر کے دوران کیا گیا۔ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکا پر کویتی سرزمین کو ایران کے خلاف حملوں کے لیے استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کویتی عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک سے امریکی افواج کے انخلا کا مطالبہ کریں۔۔۔۔۔امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں زمینی فوج بھیجنے پر غور شروع کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی اخبار نے یہ دعویٰ امریکی اہلکاروں کے حوالے سے کیا ہے جن کے مطابق صدر ٹرمپ اس بات پر غور کررہے ہیں کہ زمینی فوج اتار کر آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی جزائر پر قبضہ کرلیا جائے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو جلد شکست دی جائےگی، ایران ملاقات چاہتا ہے، وہ معاملہ طے کرنا چاہتے ہیں، ہم دیکھیں گےکہ ان کے ساتھ کوئی سمجھوتا کرتے ہیں یا نہیں۔۔۔۔۔۔امریکی فوج نے کہاہے کہ ایرانی بندرگاہ کی جانب جانے کی کوشش کر نے والے ٹینکر جہاز کو ناکارہ بنا دیا ہے۔ایک انٹرویو میں امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ تجارتی جہاز نے امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کے دوران متعدد وارننگز کو نظر انداز کیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی طیارے نے hellfire میزائل فائر کر کے جہاز کو ناکارہ بنا دیا۔۔۔۔کویت نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے 4 کروز میزائلوں اور 21 ڈرونز کو تباہ کیا گیا ۔ کویت کی وزارت خاجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی جارحیت سے کئی اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔دوسری جانب عراق کے شہر اربیل میں امریکی قونصل خانے کے قریب ڈرون مار گرایا گیا ہے۔ بحرین میں بھی سائرن کی آوازیں سنائی دیں۔۔۔۔۔۔ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ امریکا نے حملے جاری رکھے تو جنگ کا دائرہ نئے محاذوں تک پھیل جائے گا۔ایک انٹرویمو میں محمد اکرمینیا نے کہا کہ ایران نے ابھی اپنی تمام عسکری صلاحیتیں استعمال نہیں کیں، دشمن کی کارروائیاں جاری رہیں تو ایران کا جواب حالات کے مطابق اور دشمن کی توقعات سے بڑھ کر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایران کا اپنے ہمسایہ ممالک یا خطے کی مسلم ریاستوں سے تصادم کا کوئی ارادہ نہیں، ایران ہمیشہ علاقائی تعاون اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کا خواہاں رہا ہے۔محمد اکرمینیا نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کا اولین مقصد ملک کی سلامتی، قومی مفادات اور وقار کا تحفظ ہے، ایرانی مسلح افواج اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی۔انہوں نے کہا کہ خطے سے باہر کے ممالک ایران کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات رکھیں۔۔۔۔۔۔ایرانی فوج کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو خطے میں جو بھی انفرااسٹرکچر باقی ہے اسے تباہ کر دیا جائے گا۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ امریکا خطے میں اپنی قانون شکنی اور عدم استحکام کو جاری رکھے ہوئے ہے، آبنائے ہرمز ایران کے لیے سرخ لکیر ہے، امریکا کو اس معاملے میں مداخلت نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر امریکی صدر کی حالیہ دھمکیوں پر عمل کیا گیا اور ایران کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو ایران کے ضبط و تحمل کے باعث خطے کا جو انفرااسٹرکچر اب تک محفوظ رہا ہے ایسے آہنی وار سے کچل دیا جائےکہ اس کا کوئی نشان بھی باقی نہیں رہے گا۔ترجمان نے کہا کہ دشمن یہ جان لے کہ ہمارے لیے فیصلہ کن کارروائی کا لمحہ ضبط کا نہیں ہوتا۔ ایران کی مسلح افواج کی جانب سے جو ردعمل آئے گا وہ برابری کا نہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ ہوگا، یہ حملے پہلے سے زیادہ شدید، زیادہ وسیع اور زیادہ تباہ کن ہوں گے۔۔۔۔۔امریکا کی جانب سے ایران کی بحری ناکہ بندی پر پاسداران انقلاب نے مشرق وسطی سے تمام توانائی برآمدات روکنے کا اعلان کر دیا۔میڈیا رپوٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا کہ امریکا اور اتحادیوں کو فائدہ پہنچانے والے دوسرے تمام برآمدی راستے بند کر دیں گے۔بیان میں کہا گیا کہ علاقائی توانائی کی برآمدات یا تو سب کے لیے ہوں گی یا کسی کے لیے بھی نہیں ہوں گی۔ایرانی فوج کے ترجمان نے کہاکہ آبنائے ہرمزاس وقت تک بندرہےگی جب تک امریکا ایران کےقانونی نظامِ حکمرانی کوتسلیم نہیں کرلیتا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کا امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا دعوی ، اردن کی الازرق ائیر بیس پر ڈرون حملے
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل