انٹربینک میں ڈالر 21 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا

کراچی۔۔۔۔مثبت معاشی اشاریوں، پاک چین سرمایہ کاری کے امکانات، ازبکستان کے ساتھ متوقع اقتصادی تعاون اور عالمی سطح پر امریکی ڈالر کی کمزوری کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری کا رجحان برقرار رہا، جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر 21 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گیا۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق کاروبار کے دوران ڈالر مسلسل دباو کا شکار رہا اور ایک موقع پر 28 پیسے کمی کے بعد 277 روپے 72 پیسے تک گر گیا، جو گزشتہ تقریباً 21 ماہ کی کم ترین سطح ہے۔بعد ازاں درآمدی ادائیگیوں کی طلب میں اضافے کے باعث ڈالر کی قدر میں معمولی بہتری آئی، تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں امریکی کرنسی 3 پیسے کمی کے ساتھ 277 روپے 97 پیسے پر بند ہوئی، یوں ڈالر 278 روپے کی سطح سے نیچے برقرار رہا۔ماہرین کے مطابق پاک چین سرمایہ کاری سے متعلق مثبت توقعات، ترکیہ کی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں آف شور اور آن شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبوں میں دلچسپی، بیرونی شعبے میں بہتری اور عالمی منڈیوں میں امریکی ڈالر کی نسبتاً کمزوری نے روپے کو سہارا دیا۔دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کوئی تبدیلی ریکارڈ نہیں کی گئی اور امریکی کرنسی 279 روپے 68 پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر مثبت معاشی اشاریے برقرار رہے، زرمبادلہ کی آمد میں اضافہ ہوا اور بیرونی سرمایہ کاری کے منصوبے عملی شکل اختیار کرتے رہے تو آئندہ دنوں میں روپے کی قدر مزید مستحکم ہونے کے امکانات موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں