حقدار امیدوار کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا،صلاح الدین نورزئی

نصیرآباد(خ ن)بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کمشنر نصیرآباد ڈویڑن صلاح الدین نورزئی کی زیرِ صدارت ایس بی کے (SBK) بھرتیوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع صحبت پور کے ایک امیدوار کی جانب سے عدالت میں میرٹ اور داد رسی کے حوالے سے دائر کی گئی درخواست پر احکامات کے مطابق جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کمیٹی کے دیگر ارکان، ڈویژنل ڈائریکٹر اسکولز عبدالواسع کاکڑ، وائس پرنسپل بوائز ڈگری کالج خالد سلطان، سعدیہ خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔عدالتی احکامات کی روشنی میں امیدوار کے تمام دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ درخواست گزار کے اصل نمبر زیادہ تھے تاہم انہیں کم ظاہر کیا گیا تھا۔اس موقع پر کمشنر صلاح الدین نورزئی نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ حقدار امیدوار کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا اور اسے اس کا جائز حق دیا جائے گا،جبکہ میرٹ کی بنیاد پر شفاف تعیناتیاں موجودہ حکومت کا وژن ہیں اور اس پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں