اسلام آباد۔۔۔۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے چیئرپرسن سینیٹ فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق، نے ضلع ماشکیل میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ہاتھوں بے گناہ اور محنت کش مزدوروں کی بہیمانہ شہادت پر گہرے دکھ، افسوس اور شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس سفاکانہ واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے اور مزدور طبقے کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف بدترین جرم، کھلی دہشت گردی اور بلوچستان کے امن، ترقی اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی ایک منظم سازش ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دہشت گرد ایک بار پھر ثابت کر رہے ہیں کہ ان کا کوئی مذہب، ضمیر یا انسانی اقدار سے تعلق نہیں۔ وہ بیرونی قوتوں کے اشاروں پر پاکستان، خصوصاً بلوچستان میں بدامنی، خوف و ہراس اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، مگر پاکستانی قوم اپنے اتحاد اور عزم کے ساتھ ان کے ہر ناپاک منصوبے کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور اس کے سہولت کار بلوچستان کی ترقی، سی پیک کے منصوبوں، قومی استحکام اور عوامی خوشحالی سے خائف ہیں۔ اسی لیے وہ نہتے اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا کر ملک میں انتشار پھیلانے کی مذموم کوشش کرتے ہیں۔ تاہم دشمن کو یہ حقیقت تسلیم کرنی ہوگی کہ ایسے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم کے حوصلے متزلزل نہیں کر سکتے بلکہ دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پاک افواج، فرنٹیئر کور، پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرات، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر جوان سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند دہشت گردوں کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں اور وطنِ عزیز کے امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ پوری قوم اپنے ان شہداءاور غازیوں پر فخر کرتی ہے، جن کی بے مثال قربانیوں کی بدولت پاکستان دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ صرف ریاستی اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سیاسی قیادت، مذہبی و سماجی شخصیات، قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور ہر محبِ وطن شہری کو قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر ریاستی اداروں کا ساتھ دینا ہوگا، کیونکہ قومی اتحاد ہی دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کی سب سے بڑی قوت ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے شہدائ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک سانحے پر پوری قوم سوگوار ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداءکو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ نصیب کرے اور غمزدہ خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک مضبوط، خودمختار اور پرامن ریاست ہے، جس کے عوام اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے مکمل طور پر متحد ہیں۔ دشمن کی ہر سازش، ہر دہشت گرد کارروائی اور ہر بیرونی مداخلت کو قومی یکجہتی، ریاستی عزم اور پاک افواج کی بہادری کے ذریعے ہمیشہ کی طرح ناکام بنایا جاتا رہے گا، اور بلوچستان امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر مزید مضبوطی سے آگے بڑھتا رہے گا۔
پوری قوم اپنے شہداءاور غازیوں پر فخر کرتی ہے، ثمینہ ممتاز زہری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل