ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا،محمد بشیر ناصر

نصیرآباد ( محمد یونس عمرانی)محکمہ مواصلات و تعمیرات کے چیف انجینئر نصیرآباد زون محمد بشیر ناصر نے ضلع صحبت پور میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اس دوران انہوں نے صحبت پور بائی پاس، ڈسٹرکٹ کمپلیکس اور دیگر ترقیاتی اسکیموں کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور جاری کاموں کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر چیف انجینئر محمد بشیر ناصر نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس پر جاری تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ تاہم صحبت پور بائی پاس منصوبے کے کنٹریکٹر کو سختی سے ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، لہٰذا کام کی رفتار تیز کرتے ہوئے اسے مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔محکمہ مواصلات و تعمیرات کےچیف انجینئر نصیر آباد زون بشیر ناصر نے واضح کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا، جبکہ ناقص میٹریل یا غیر معیاری کام کی صورت میں متعلقہ کنٹریکٹر اور ذمہ دار افسران کے خلاف قانون اور محکمانہ قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی چیف انجینئر بشیر ناصر نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر منصوبوں کا خود دورہ کریں، تعمیراتی کاموں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی سے گریز کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی افسر کی جانب سے فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی یا لاپرواہی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پر سپرنٹنڈنگ انجینئر فدا حسین کھوسہ، سپرنٹنڈنگ انجینئر ارسلا خان رند، ایکسین جہانگیر احمد کھوسہ، ایس ڈی او وہاب داجلی، ایس ڈی او محمد عمر پہیار، ایس ڈی او بشیر شاہ، سب انجینئر اصغر پلال سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں