استامحمد(خ ن) ڈپٹی کمشنر استامحمد، محمد رمضان پلال کی زیرِ صدارت مون سون سیزن کے دوران متوقع بارشوں کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی جمالی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احمد علی گوپانگ، پولیس، ایریگیشن، بی اینڈ آر، زراعت، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر تاج محمد پلال سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اجلاس میں گزشتہ برسوں کے دوران بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ممکنہ سیلابی صورتحال اور اس سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ آئندہ مون سون سیزن میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مو¿ثر انداز میں نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا اس موقع پر مختلف محکموں کی جانب سے اپنی تیاریوں، دستیاب وسائل اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے کہا کہ اس وقت ضلع میں زرعی اراضی کے لیے پانی کی اشد ضرورت ہے تاہم مون سون بارشوں کے نتیجے میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے خطرات کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جا سکتا انہوں نے کہا کہ کوہِ سلیمان اور بارکھان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کی صورت میں ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے جس سے نشیبی علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، لہٰذا پیشگی اور مو¿ثر حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام افسران و اہلکار اپنی ذمہ داریوں پر مکمل طور پر حاضر رہیں اور غیر ضروری چھٹیوں سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے اپنی مشینری کی بروقت مرمت اور فعالیت کو یقینی بنائیں جبکہ کیرتھر کینال اور دیگر کمزور پشتوں کی فوری نشاندہی کر کے ان کی مضبوطی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مشینری کو حساس اور خطرے کے حامل مقامات پر پہلے سے تعینات رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری اور مو¿ثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے اجلاس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے زیرِ انتظام تالابوں اور واٹر اسٹوریج پوائنٹس میں زیادہ سے زیادہ پانی ذخیرہ کرنے کے اقدامات کریں تاکہ ممکنہ ہنگامی صورتحال میں پانی کی فراہمی برقرار رکھی جا سکے اسی طرح بی اینڈ آر کے افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ سڑکوں کے کراسنگ پوائنٹس، پلوں اور نالوں کی بروقت صفائی کو یقینی بنائیں تاکہ بارش کے پانی کے بہاو¿ میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو اور سیلابی خطرات میں کمی لائی جا سکے ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو ہدایت دی کہ ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں ضروری ادویات کی وافر مقدار میں دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے، ایمرجنسی رسپانس کے لیے میڈیکل اسٹاف کو الرٹ رکھا جائے، جبکہ دستیاب ادویات اور سہولیات کی تفصیلات واضح اور نمایاں مقامات پر آویزاں کی جائیں تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو بروقت معلومات میسر ہوں اور انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
زرعی اراضی کے لیے پانی کی اشد ضرورت ہے ، محمد رمضان پلال
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل