وزیراعظم شہباز شریف کی کوئٹہ آمد، سیکیورٹی کے باعث شہر کی اہم شاہراہیں بند

کوئٹہ۔۔۔۔وزیراعظم شہباز شریف کی کوئٹہ آمد کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے تحت شہر کی مختلف اہم شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے آمدورفت محدود کر دی گئی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی بندش اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین، طلبہ، مریضوں اور عام شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں دشواری پیش آئی۔ متعدد مقامات پر ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو طویل انتظار کرنا پڑا، جبکہ بعض مریض اور ان کے تیماردار اسپتالوں تک پیدل جانے پر مجبور ہو گئے۔شہریوں نے شکایت کی کہ اہم شاہراہوں کی بندش سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے اور روزمرہ امور کی انجام دہی میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دور کوئٹہ کے پیشِ نظر عوام کے جان و مال کے تحفظ اور فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے سیکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں