سانحہ ہنہ اوڑک انتہائی دلخراش اور قابلِ مذمت واقعہ ہے، مکھی شام لال لاسی

سونمیانی وندر(نمائندہ گوادر بزنس)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما سابق ر±کن صوبائی اسمبلی اور اقلیتی کمیشن بلوچستان کے چیئرمین مکھی شام لال لاسی نے کہا ہے کہ سانحہ ہنہ اوڑک انتہائی دلخراش اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔ بے گناہ نہتے شہریوں کے خون سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ایسے سفاک کرداروں کو قانون کے مطابق عبرتناک سزا دی جائے۔ مکھی شام لال لاسی نے اپنے جاری کردہ تعزیتی بیان میں انہوں نے شہدائ کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں امن و امان قائم رکھنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ حکومتی دعوے صرف بیانات اور اعلانات تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارم 47 کی پیداوار حکومت عوام کو امن تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کے بجائے بدامنی اور بے یقینی کا تحفہ دے رہی ہے۔ اگر حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی بنیادی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر سکتی تو اسے اپنی کارکردگی پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ ہنہ اوڑک کی فوری شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے تمام ذمہ دار عناصر سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو یہ بھی بتائے کہ ایسے مسلح عناصر کس طرح حکومتی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے کارروائیاں کرتے ہیں اور متعلقہ ادارے انہیں روکنے میں کیوں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ انصاف کی فراہمی امن و استحکام اور قانون کی بالادستی کے لیے ہر سطح اور ہر فورم پر اپنی آواز بھرپور انداز میں بلند کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں