کسی کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،شاہد رند
کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ دانہ سر کے مقام پر پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے کے سلسلے میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے متعلقہ بس کمپنی اور ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جبکہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے دانہ سر میں پیش آنے والے افسوسناک بس حادثے میں 40 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔ یہ سانحہ انتہائی دلخراش ہے اور حکومت بلوچستان جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے شاہد رند نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی ثابت ہونے پر قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ حادثے کی وجوہات کا جامع اور شفاف انداز میں تعین کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مو¿ثر اقدامات کیے جا سکیں۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے بھر میں مسافر گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹس، ڈرائیورز کی اہلیت اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے نظام کو مزید مو¿ثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی اور اس المناک سانحے میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔