تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا،فریدہ ترین

تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا،فریدہ ترین

صحبت پور(خ ن) ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے سب ڈویڑنل آفیسر (بلڈنگز) کے ہمراہ زیرِ تعمیر ریسکیو 1122 سینٹرصحبت پور کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں، کام کے معیار اور رفتار کا باریک بینی سے جائزہ لیادورے کے دوران متعلقہ حکام نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت تکمیل کے مختلف مراحل درپیش امور اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود افسران سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تعمیراتی کام نہ صرف تیز رفتاری سے جاری رکھا جائے بلکہ اس میں اعلیٰ معیار کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔محترمہ فریدہ ترین نے واضح ہدایات جاری کیں کہ منصوبے کی تکمیل مقررہ مدت کے اندر ہر حال میں ممکن بنائی جائے تاکہ ضلع کے عوام کو جلد از جلد جدید اور معیاری ہنگامی امدادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا، اور اس ضمن میں متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 سینٹر کا قیام ضلع صحبت پور کے لیے نہایت اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، جو ہنگامی حالات میں عوام کو بروقت، موثر اور مربوط امدادی خدمات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اس سینٹر کے فعال ہونے سے نہ صرف حادثات آگ لگنے کے واقعات اور دیگر ایمرجنسی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن ہوگا بلکہ شہریوں کا اعتماد بھی حکومتی اداروں پر مزید مضبوط ہوگا ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیاری عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، تاکہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں