افسران انتخابی قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کو یقینی بنائیں،محمد رمضان
استامحمد۔۔۔۔ڈپٹی کمشنر و ریٹرننگ آفیسر ضلع استامحمد، محمد رمضان پلال نے ضلع میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ریٹرننگ آفیسرز اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز سے گزشتہ روز باقاعدہ حلف لیا اس موقع پر دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ انتخابی عمل کو شفاف منظم اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی تاکید کی کہ تمام افسران انتخابی قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع استامحمد کی مختلف یونین کونسلوں میں جنرل کونسلران کے انتخابات منعقد ہوں گے جن کے انعقاد اور انتظامی امور کی ذمہ داری ریٹرننگ آفیسرز کے سپرد کی گئی ہے۔ اس ضمن میں تمام تر انتظامات کو بروقت اور مو¿ثر انداز میں مکمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انتخابی عمل کے تمام مراحل کو آئین اور متعلقہ قوانین کے مطابق مکمل کیا جائے گا، تاکہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔