خاران ، پیرینٹنگ منتھ کے سلسلے میں سیمینار اور واک کا انعقاد
خاران ( محمدعیسی محمدحسنی ) بلوچستان نیوٹریشن ڈائریکٹوریٹ نے یونیسیف کے تعاون سے پیرینٹنگ منتھ کے سلسلے میں ایک سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد والدین میں بچوں کی متوازن پرورش، صحت مند غذائیت اور مثبت تربیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔تقریب میں ڈپٹی ڈی ایچ او خاران ڈاکٹر چاکر انور، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی نور احمد کبدانی، احترام الحق کبدانی، اصغر صفی (ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈینیٹر)، حمایت اللہ دوستین، نازنین مینگل (ڈی ایس او خاران)، گل پل (ایل ایچ ایس) اور گل جان (ایل ایچ ایس) سمیت محکمہ صحت کے افسران، عملے اور دیگر شرکائ نے شرکت کی۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کی پرورش صرف خوراک فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ محبت، توجہ، متوازن غذائیت، معیاری تعلیم، بہتر صحت، کھیل کود، تحفظ اور بہترین اخلاقی تربیت بھی ایک صحت مند اور کامیاب شخصیت کی تشکیل کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین اگر ان تمام پہلوو¿ں پر یکساں توجہ دیں تو بچوں کی جسمانی، ذہنی اور جذباتی نشوونما بہتر انداز میں ہوتی ہے، جس سے وہ مستقبل میں معاشرے کے ذمہ دار، باصلاحیت اور مفید شہری بن کر ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے گھر کا مثبت ماحول، والدین کی بھرپور توجہ اور متوازن غذائیت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ تقریب کے دوران شرکائ کو بچوں کی صحت، غذائیت، صفائی اور مثبت تربیت سے متعلق مفید معلومات اور عملی رہنمائی بھی فراہم کی گئی۔تقریب کے اختتام پر نیوٹریشن آگاہی مہم کے سلسلے میں مرد و خواتین نے واک کی، جس کا مقصد متوازن غذائیت، صحت مند طرزِ زندگی اور بچوں کی بہتر نشوونما کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنا تھا۔ شرکائ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نیوٹریشن سے متعلق آگاہی کو گھر گھر پہنچانے اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔