دعوت اسلامی کے تحت فیضان مدینہ وندر میں عظیم الشان اجتماع کا انعقاد

دعوت اسلامی کے تحت فیضان مدینہ وندر میں عظیم الشان اجتماع کا انعقاد

سونمیانی وندر(نامہ نگار)نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے دعوت اسلامی کے تحت فیضان مدینہ وندر میں عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کیا گیا ۔ اجتماع سے مبلغ دعوت اسلامی مولانا محمد اکرم عطاری مدنی نے بیان کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کربلا حق و صداقت صبر و استقامت اور دینِ اسلام کی سربلندی کا درس دیتا ہے ۔ حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ نے اپنے اہلِ خانہ اور رفقاء کے ساتھ جامِ شہادت نوش کر کے امتِ مسلمہ کو یہ پیغام دیا کہ باطل قوتوں کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنے کے بجائے حق پر ڈٹ جانا ہی کامیابی کا راستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی امتِ مسلمہ کو کربلا کے پیغام کو سمجھنے اور اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کی محبت ایمان کا تقاضا ہے اور اہلِ بیت اطہار کی عظمت و محبت ہر مسلمان کے دل کا سرمایہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا نے دین مصطفی کی بقا اور سربلندی کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں جنہیں رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ سیرتِ امام حسینؓ کو اپناتے ہوئے محبت اخوت اور دینی اقدار و نظریات کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ محفل میں نعت و منقبت خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ شرکائے محفل نے حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ اہلِ بیت اطہار اور تمام شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ آخر میں صلاة و سلام دعا ہوئی اور لنگر تقسیم کیا گیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں