ٹرمپ نے ایران کو امریکی فنڈز جاری کیے جانے کی خبروں کی تردید کر دی

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ایران کو امریکی فنڈز جاری کیے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران نے واشنگٹن کو آگاہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے کسی قسم کا ٹول ٹیکس، انشورنس فیس یا دیگر محصولات نہ تو طلب کی جا رہی ہیں اور نہ ہی وصول کی جا رہی ہیں۔صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا نے ایران کو کوئی رقم فراہم نہیں کی اور نہ ہی تہران کے منجمد اثاثے جاری کیے گئے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اس معاملے سے متعلق غلط معلومات یا گمراہ کن رپورٹس دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکرات کی معطلی کا باعث بن سکتی ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران کو کوئی رقم نہیں دی گئی اور نہ ہی کسی منجمد فنڈ کو جاری کیا گیا ہے۔صدر ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی کنٹرول میں موجود بعض ایرانی فنڈز کو زرعی مصنوعات کی خریداری کے لیے استعمال کیا جائے گا، ان مصنوعات میں مکئی، گندم اور دیگر اجناس شامل ہوں گی، جو امریکی کسانوں سے خرید کر ایران بھیجی جائیں گی۔امریکی صدر کے مطابق ایران کو اس وقت خوراک کی فوری ضرورت ہے اور امریکا اس مقصد کے لیے زرعی مصنوعات کی خریداری کے انتظامات کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام انسانی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے تاکہ ایران کو درکار غذائی اجناس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں