عاشورہ محرم کی تعطیلات، بینک مسلسل چار روز بند رہیں گے
کوئٹہ۔۔۔۔۔یومِ عاشور کے موقع پر ملک بھر میں بینکاری اور مالیاتی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل رہیں گی کیونکہ 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان تعطیلات کے باعث تمام سرکاری و نجی بینک، مائیکرو فنانس بینک، ترقیاتی مالیاتی ادارے اور دیگر مالیاتی ادارے بند رہیں گے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 9 محرم الحرام بروز جمعرات اور 10 محرم الحرام بروز جمعہ یومِ عاشور کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ ان دو سرکاری تعطیلات کے فورا بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات بھی آ رہی ہیں، جس کے باعث بینک مسلسل چار دن تک صارفین کو اپنی معمول کی خدمات فراہم نہیں کر سکیں گے۔تعطیلات کے دوران برانچوں میں لین دین، چیک کلیئرنگ، اکانٹ سے متعلق بیشتر خدمات اور دیگر مالیاتی سرگرمیاں معطل رہیں گی، تاہم اے ٹی ایم مشینیں، موبائل بینکنگ، internet بینکنگ اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولیات معمول کے مطابق دستیاب رہیں گی تاکہ صارفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تعطیلات کے اختتام کے بعد پیر کے روز تمام بینک اور مالیاتی ادارے معمول کے مطابق دوبارہ کھل جائیں گے اور صارفین کو بینکاری خدمات کی فراہمی بحال ہو جائے گی۔