کاشتکاروںکے جائز حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مدثر ظفر کھوسہ
نصیرآباد۔۔۔۔سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویژن مدثر ظفر کھوسہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے کاشتکاروں کو ان کے جائز حصے کا پانی فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور گڈو بیراج سے پٹ فیڈر کینال میں مزید پانی کے حصول کو یقینی بنایا گیا ہے۔ گزشتہ روز صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی اور صوبائی سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمان بلوچ کی ہدایت پر گڈو بیراج کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرکے بلوچستان کے حصے کا اضافی 500 کیوسک پانی حاصل کیا گیا، جس کے بعد پٹ فیڈر کینال میں 5 ہزار کیوسک پانی جاری ہے۔ انہوں نے سندھ کے علاقے آر ڈی 109 پر پٹ فیڈر کینال میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ آبپاشی بلوچستان اپنے کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے اور ان کے جائز حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر سب ڈویڑنل آفیسر حاجی ممتاز علی سومرو نے آر ڈی 109 تک پانی کی ترسیل کے عمل سے متعلق بریفنگ دی جبکہ داروغہ نبی بخش بگٹی اور علی احمد کھوسہ بھی موجود تھے۔ مدثر ظفر کھوسہ نے تمام افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ پانی کی ترسیل کے نظام پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ نصیرآباد ڈویژن میں پینے اور زرعی مقاصد کے لیے پانی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی 109 سے بلوچستان کو اس کے حصے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے تاہم مزید پانچ کلومیٹر تک سندھ کے اندرونی و بیرونی علاقوں کو بھی سیراب کیے جانے کے باعث پانی کی قلت کا سامنا رہتا ہے، لہٰذا تمام چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ بلوچستان کے کمانڈ ایریاز کو بھرپور انداز میں سیراب کرکے کاشتکاروں کو معاشی طور پر مستحکم بنایا جا سکے۔