وسائل پر پہلا حق مقامی آبادی کا ہے، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

وسائل پر پہلا حق مقامی آبادی کا ہے، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام آج بدامنی، بے روزگاری، مہنگائی، بدعنوانی، احساسِ محرومی اور بنیادی سہولیات کی شدید کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ صوبے کے عوام کی جان و مال محفوظ نہیں، جبکہ تعلیم، صحت، روزگار، پانی اور بجلی جیسے بنیادی مسائل دن بدن سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی ہی وہ واحد سیاسی و عوامی قوت ہے جو دیانت دار، مخلص اور عوام دوست قیادت کے ذریعے بلوچستان کو مسائل، غربت، بدامنی اور ناامیدی سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشتون آباد کوئٹہ میں ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان ڈاکٹر عطاالرحمان، امیر جماعت اسلامی کوئٹہ عبدالنعیم رند، قبائلی رہنما تیمور شاہ پوپلزئی، مولانا عبدالحمید منصوری اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں نوجوانوں نے جماعت اسلامی کی پالیسیوں اور قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جماعت میں شمولیت کا اعلان کیا۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے جماعت اسلامی میں شامل ہونے والے تمام نوجوانوں اور بزرگوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ شہری، نوجوان، خواتین، مزدور، کسان اور طلبہ جماعت اسلامی کی رکنیت اختیار کریں اور اپنے آئینی، جمہوری اور قومی حقوق کے حصول کی جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالامال بلوچستان آج بدقسمتی سے مسائل، بدامنی اور بدعنوانی کا شکار ہے۔ وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود یہاں کے عوام پسماندگی اور غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ صوبے کے وسائل کا حقیقی فائدہ مقامی آبادی کو نہیں مل رہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق یہاں کے عوام کو دیا جائے اور نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ صرف طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ حالات مزید پیچیدہ ہو جاتے ہیں۔ ماورائے قانون افراد کو لاپتہ کرنا، بعد ازاں ان کی مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں معاشرے میں بے چینی اور نفرت کو جنم دیتی ہیں۔ تمام مسائل کا حل آئین، قانون، انصاف، مکالمے اور جمہوری عمل میں ہے۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے پہاڑوں کا رخ کرنے والے نوجوانوں اور خواتین سے پرزور اپیل کی کہ وہ تشدد اور تصادم کا راستہ ترک کر کے جمہوری اور آئینی جدوجہد کا راستہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ تباہی اور خونریزی کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ عوامی طاقت، سیاسی جدوجہد اور پرامن مکالمے کے ذریعے ہی حقوق حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام کے ہر جائز حق کی آواز ہر فورم پر بلند کرتی رہے گی اور آئینی و جمہوری ذرائع سے اسلام آباد کے حکمرانوں اور مقتدر حلقوں سے صوبے کے حقوق حاصل کرنے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں