جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم پہلی بار پاکستان کا دورہ کرے گی، شیڈول جاری

جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم پہلی بار پاکستان کا دورہ کرے گی، شیڈول جاری
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم پہلی مرتبہ جولائی میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔پی سی بی کے مطابق جنوبی افریقہ انڈر 19کے پہلے دورہ پاکستان میں میزبان پاکستان ویمنز انڈر 19ٹیم کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز شیڈول کی گئی ہے۔پانچ میچوں پر مشتمل سیریز 14سے 24جولائی تک کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلی جائے گی جبکہ میچوں کے اوقات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم 10جولائی کو کراچی پہنچے گی اور 11سے 13جولائی تک نیشنل بینک سٹیڈیم میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لے گی، دونوں ملکوں کی انڈر 19ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 14جولائی کو کھیلا جائے گا جبکہ بقیہ میچز 17، 19، 22اور 24 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔واضح رہے پاکستان ویمنز انڈر 19ٹیم نے اپنی آخری دوطرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی تھی، جہاں قومی ٹیم نے پانچ میچوں کی سیریز 2-3 سے اپنے نام کی تھی۔پی سی بی کے مطابق یہ سیریز پاکستان ویمنز انڈر 19ٹیم کو رواں سال ہونے والے اے سی سی ویمنز انڈر 19ٹی ٹونٹی ایشیاءکپ اور اگلے سال شیڈول آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔واضح رہے کہ پی سی بی کے ویمنز کرکٹ ڈیپارٹمنٹ نے حال ہی میں کراچی میں انڈر 19کھلاڑیوں کے لیے تربیتی کیمپوں کا انعقاد بھی کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں