گنداخہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، ڈاکٹر جاوید اختر جمالی
گنداخہ(نور حسن جمالی) چیرمین میونسپل کمیٹی گنداخہ ڈاکٹر جاوید اختر جمالی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نصیرآباد ڈویڑن کو ہر وقت سیلابی خطرات کا سامنا رہتا ہے، اس لیے ڈویڑن کے اضلاع نصیرآباد، جعفرآباد، صحبت پور، جھل مگسی اور اوستا محمد کو آفت زدہ قرار دے کر یہاں کے رہائشیوں، کاشتکاروں اور زمینداروں کو خصوصی ریلیف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ضلع اوستا محمد کی پسماندہ تحصیل گنداخہ کے نہری نظام کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تحصیل میں پینے کے صاف پانی اور زرعی پانی کی شدید قلت پائی جاتی ہے، جس پر فوری قابو پانے کے لیے مو¿ثر اقدامات کیے جائیں۔ڈاکٹر جاوید اختر جمالی نے مزید کہا کہ گنداخہ کی رابطہ سڑکیں عرصہ دراز سے خستہ حالی کا شکار ہیں، جن کی فوری تعمیر و مرمت ناگزیر ہے تاکہ عوام کو آمدورفت میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔ انہوں نے بین الاقوامی سماجی تنظیموں اور این جی اوز پر زور دیا کہ وہ تحصیل گنداخہ میں فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ تحصیل گنداخہ کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے علاقے کی پسماندگی کے خاتمے اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔