محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی، حق گوئی اور استقامت کا درس دیتا ہے، ممتاز کھیتران

محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی، حق گوئی اور استقامت کا درس دیتا ہے، ممتاز کھیتران

بولان (نامہ نگار) محرم الحرام کے مقدس مہینے کے دوران امن و امان کے قیام، مجالس و جلوسوں کے پرامن انعقاد، عزاداروں کو درکار سہولیات کی فراہمی اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کچھی ممتاز کھیتران کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر قاضی پرویز احمد اسسٹنٹ کمشنر مچھ سردار زادہ میر لیاقت علی جتوئی اسسٹنٹ کمشنر بھاگ و ضلعی انتظامیہ کے افسران، علماءکرام، معززین علاقہ اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی اجلاس میں محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں منعقد ہونے والی مجالس، جلوسوں اور دیگر مذہبی سرگرمیوں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر شرکاءنے مختلف علاقوں میں درپیش مسائل، عوامی ضروریات اور انتظامات سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام کے دوران کیے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کچھی ممتاز کھیتران نے کہا کہ محرم الحرام اسلامی تاریخ کا ایک انتہائی اہم اور مقدس مہینہ ہے جو ہمیں صبر، قربانی، حق گوئی اور استقامت کا درس دیتا ہے۔ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیاں پوری امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں۔ اس مقدس مہینے کے دوران امن و امان کا قیام، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ محرم الحرام کے دوران تمام مجالس اور جلوس پرامن ماحول میں منعقد ہوں اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں، پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور روشنی کے مناسب انتظامات کو ہر صورت مکمل رکھا جائے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے محرم الحرام کے دوران عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مو¿ثر اقدامات کیے جائیں گے جبکہ حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور تمام انتظامی امور کی کڑی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ انجام دیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھیں انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی اجتماعات کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقہ فریقین اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ علماءکرام، امن کمیٹیوں، سماجی شخصیات اور عوام الناس کا تعاون امن و امان کے قیام میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ضلعی انتظامیہ تمام مکاتب فکر کے علمائ اور عمائدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی تاکہ باہمی مشاورت اور ہم آہنگی کے ذریعے تمام معاملات خوش اسلوبی سے انجام دیے جا سکیں اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز کیا جائے اور کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی یا ناخوشگوار صورتحال کی فوری اطلاع انتظامیہ کو دی جائے۔ شرکائ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ضلع کچھی میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کچھی ممتاز کھیتران نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران تمام انتظامات کی خود نگرانی کرے گی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، اخوت، برداشت اور رواداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے محرم الحرام کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھیں اور ضلع میں امن و استحکام کے قیام کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں