کراچی: وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نارتھ ناظم آباد کراچی میں سیفی ہسپتال کے جدید کارڈیک ونگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ سیفی ہسپتال کا نیا کارڈیک ونگ کراچی کے عوام کو بروقت اور عالمی معیار کی امراضِ قلب کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ نئے کارڈیک ونگ میں جدید کیتھیٹرائزیشن لیبز سمیت اعلیٰ معیار کی تشخیصی اور طبی سہولیات دستیاب ہوں گی، جس سے شہریوں کو امراضِ قلب کے علاج کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہسپتال صرف عمارت اور جدید طبی آلات کا نام نہیں، بلکہ ڈاکٹروں، نرسوں اور معاون طبی عملے کی مہارت، لگن اور ہمدردی ہی حقیقی فرق پیدا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی بڑھانے اور سرکاری نظامِ صحت پر دباو¿ کم کرنے میں نجی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ کمیونٹی اقدامات اور عالمی معیار کی طبی مہارت کا امتزاج پاکستان کے شعبہ صحت کے لیے ایک اہم ماڈل ثابت ہوسکتا ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ صحت کو محض سماجی اخراجات کے طور پر نہیں بلکہ پاکستان کے سب سے قیمتی قومی اثاثے، یعنی عوام میں سرمایہ کاری سمجھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صحت مند آبادی زیادہ پیداواری صلاحیت، مضبوط انسانی سرمایہ اور بہتر معاشی لچک کا باعث بنتی ہے۔ انسانیت کی خدمت اور اجتماعی کاوشوں پر مبنی اقدامات معاشرے پر دیرپا اور مثبت اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔وزیر خزانہ نے بوہری برادری کی دیرینہ سماجی خدمات اور عوامی فلاح میں نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے اور معاشرتی فلاح کے لیے بوہری برادری کی مسلسل کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کارڈیک ونگ کے قیام میں تعاون کرنے والی کمیونٹی، ہسپتال انتظامیہ، طبی ماہرین اور تمام متعلقہ افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔محمد اورنگزیب نے امید ظاہر کی کہ سیفی ہسپتال کا کارڈیک ونگ کراچی میں مرکزِ امتیاز بنے گا اور ملک بھر کے دیگر اداروں کے لیے مثال قائم کرے گا
سیفی ہسپتال کا جدید کارڈیک ونگ کراچی کے عوام کے لیے اہم قدم ہے: محمد اورنگزیب
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل