لندن: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بنانا اور جی 20 میں شامل کرنا حکومت کا ہدف ہے۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں، برطانوی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ملکی معیشت پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت میں اب استحکام آچکا ہے اور معاشی استحکام کے بعد حکومت کی توجہ ترقی اور شرح نمو بڑھانے پر مرکوز ہے، معاشی ترقی سے فی کس آمدنی اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو دوبارہ 2017 کے معاشی اشاریوں تک لے جانا ہے، جبکہ ملک کو دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بنانا اور جی 20 میں شامل کرنا حکومت کا ہدف ہے، پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، اور زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ مہنگائی 30 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے۔پالیسی ریٹ پر انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر ساڑھے 11 فیصد پر آگیا ہے اور پاکستان کی معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر بھی اہم مقام حاصل کرچکا ہے اور سفارتی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کررہا ہے۔برطانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا‘ مہنگائی 30 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے،اسحاق ڈار
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل