اسلام آباد:وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی استحکام سے آگے بڑھ کر پائیدار اقتصادی ترقی، پیداوار میں اضافے، برآمدات کے فروغ، سرمایہ کاری اور روزگار کے وسیع مواقع کی طرف جانا ہو گا۔ پاکستان کا بنیادی معاشی چیلنج اب معاشی استحکام کے بجائے معیشت میں بنیادی اور پائیدار تبدیلی لانا ہے۔ انہوںنے یہ بات وزارتِ منصوبہ بندی و ترقی میں ہارورڈ بزنس اسکول کے ایم بی اے کے طلبہ سے ملاقات میں کہی ۔احسن اقبا ل نے کہا کہ پاکستان کو صرف مسائل اور مشکلات کے تناظر میں نہیں بلکہ اپنی وسیع صلاحیتوں اور امکانات کے حوالے سے بھی دیکھا جانا چاہیے، تقریبا 26 کروڑ آبادی، بڑی نوجوان افرادی قوت، اہم جغرافیائی محلِ وقوع، زرعی و معدنی وسائل، تیزی سے وسعت پذیر ڈیجیٹل معیشت اور دنیا بھر میں موجود پاکستانی برادری ملک کو طویل المدت معاشی تبدیلی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی تیزی، بیرونی کھاتوں پر دباﺅ، استحکام کے اقدامات اور معاشی سست روی کے بار بار آنے والے چکر سے نکلنا ہو گا جس کےلئے معیشت کی بنیاد پیداوار اور برآمدات کے فروغ پر استوار کرنا ضروری ہے۔۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے 2035 تک 1 کھرب ڈالرز کی معیشت بننے کا ہدف مقرر کیا ہے تاہم مقصد صرف مجموعی قومی پیداوار کا ایک بڑا عدد حاصل کرنا نہیں بلکہ قومی پیداواری صلاحیتوں کو اس سطح تک پہنچانا ہے کہ پاکستان 2035 میں ایسی مصنوعات اور خدمات عالمی منڈی میں مسابقتی بنیادوں پر فروخت کر سکے جو آج پیدا نہیں کر رہا۔
پاکستان کو معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب لے جانا ہوگا،احسن اقبال
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل