راولپنڈی:خیبرپختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 10دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق سیکورٹی فورسز نے 6اگست کو خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیاں کیں، پہلی کارروائی جنوبی وزیرستان کے ضلع اعظم ورسک کے علاقے میں کی گئی۔ دہشتگردوں ایک گروہ نے سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا جس کے جواب میں پاک فوج کی موثر کارروائی میں 8دہشتگرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی میں ضلع دیر میں 2دہشتگردہلاک کئے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ،دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وژن عزم استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان اور دیر میں کامیاب کارروائیوں اور 10دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم سیکورٹی فورسز کے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے، بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی، حکومت اور قوم دہشتگردی کےخلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔
خیبرپختونخوا‘ سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں‘10دہشتگرد ہلاک‘ اسلحہ و گولہ بارود برآمد‘ آئی ایس پی آر
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل