کوئٹہ، ۔۔۔۔۔۔۔معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے ضلع کیچ میں بے گناہ مزدوروں کے بہیمانہ قتل کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر انسانیت، امن اور بلوچستان کے روشن مستقبل کے دشمن ہیں اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ دہشتگردوں نے نہتے مزدوروں کو شہید کرکے نہ صرف قیمتی انسانی جانیں ضائع کیں بلکہ بلوچستان کی ترقی، معاشی سرگرمیوں اور عوام کے روزگار کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ افعال سے دہشتگردوں کے مکروہ عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور ریاست پوری قوت کے ساتھ ان کا مقابلہ کرتی رہے گی معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معصوم مزدوروں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہیں انجام تک پہنچایا جائے گا شاہد رند نے کہا کہ دہشتگردی کے ذریعے عوام کے حوصلے پست کرنے اور بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاڑ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست دشمن عناصر کے ناپاک عزائم عوام، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی اتحاد اور مشترکہ کوششوں سے خاک میں ملا دیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت، عزم اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی معاون وزیر اعلیٰ شاہد رند نے شہداءکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداءکو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل دے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔
معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر انسانیت، امن اور بلوچستان کے روشن مستقبل کے دشمن ہیں، شاہد رند
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل