ڈویژنل پبلک کالج خضدار کے احاطے میں واک ٹریک کا باقاعدہ افتتاح

خضدار(خ ن)شہریوں کو صحت مند سرگرمیاں فراہم کرنے کیلئے ڈویژنل پبلک کالج خضدار کے احاطے میں واک ٹریک کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ تختی کی نقاب کشائی ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے کی۔ اس موقع پر میجر اسرار، چیف آفیسر خضدار وڈیرہ صالح جاموٹ، انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمیداللہ مینگل، آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے چیئرمین بشیر احمد جتک، ایگزیکٹو آفیسرز انجینئر سلیم رزاق عمرانی ، انجینئر عبدالرو¿ف قمبرانی، چیئرمین خضدار پریس کلب کے چیئرمین ایوب بلوچ، ایس ایچ او خضدار سٹی منیر احمد جتک، گورنمنٹ کنٹریکٹر عرفان گنگو انجینئر یونس رمضان موسیانی، بلدیاتی نمائندہ تنزیل بارانزئی کریم بلوچ و دیگر معززین بھی موجود تھے۔افتتاح کے بعد ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ واک ٹریک طلبہ، نوجوانوں اور شہریوں کو صحت مند طرز زندگی اپنانے کا موقع فراہم کرے گا۔ حکومت کی کوشش ہے کہ خضدار میں کھیلوں اور تفریح کی بنیادی سہولیات کو فروغ دیا جائے تاکہ لوگ اپنی مصروف زندگی سے وقت نکال کر جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیح دی جارہی ہے۔ ڈویڑنل پبلک کالج کے احاطے میں واک ٹریک کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ واک ٹریک کے اضافے سے شہر میں صحت مند سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ چیف آفیسر خضدار خضدار وڈیرہ صالح جاموٹ نے کہا کہ واک کرنے والے شہریوں کو نیشنل ہائی وے سے منسلک ایریا میں پرسکون ماحول میسر آئے گا۔ واک ٹریک کے ایک جانب پہاڑی اور دوسری جانب شاہراہ اور شہر کی رونق رننگ کرنے والے افراد کے لیے مزید دلچسپی کا باعث بنے گی۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے یہاں ریسائیکل بن بھی نصب کیے گئے ہیں۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ مواصلات و تعمیرات اور میونسپل کارپوریشن خضدار کے اس اقدام کو سراہا اور اسے خضدار کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ واک ٹریک پر روزانہ سینکڑوں شہری واک میں حصہ لے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں