گوادر(خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق عوامی مسائل کے بروقت حل اور ساحلی آبادی کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری نے پسنی فش ہاربر جیٹی کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے موقع پر بی این پی گوادر کے ضلعی رہنما امان جمعہ، تحصیل صدر نعیم کمال اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے فش ہاربر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور خصوصاً اس مرکزی نیویگیشن چینل کا جائزہ لیا جو ریت جمع ہونے کے باعث بند ہونے سے ماہی گیروں کی آمد و رفت اور تجارتی سرگرمیوں میں شدید مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خسرو دلاوری نے متعلقہ حکام کو مسئلے کے فوری اور پائیدار حل کے لیے ضروری اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ چینل سے ریت کی صفائی اور بحالی کے لیے جلد بھاری مشینری فراہم کی جائے گی تاکہ مرکزی گزرگاہ کو دوبارہ فعال بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ماہی گیر برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایات کے مطابق ان مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مین چینل کی بحالی سے کشتیوں کی محفوظ آمد و رفت ممکن ہوگی، ماہی گیری کی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور مقامی معیشت کو بھی مثبت فروغ حاصل ہوگا۔اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان ساحلی علاقوں کی ترقی، ماہی گیر برادری کی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے بروقت اور مو¿ثر حل کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بی این پی کے ضلعی و تحصیل عہدیداروں کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ سے ملاقات کر کے پسنی فش ہاربر کے بند مین چینل کی بحالی اور ماہی گیروں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی تھی۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر اس معاملے پر فوری عملی پیش رفت کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاکہ ماہی گیر برادری کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری کا پسنی فش ہاربر جیٹی کا تفصیلی دورہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل