جعفرآباد(خ ن) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد کاظم لونی، ایگزیکٹو انجینئر مواصلات و تعمیرات عرفان علی سمیت مختلف محکموں کے افسران اور ان کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (BSDI) فیز ون اور فیز ٹو کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، فنڈز کے استعمال، بلوں کی ادائیگی، معیار تعمیر اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیامتعلقہ افسران نے اجلاس کو جاری منصوبوں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مکمل ہونے والے منصوبوں کے بل صرف جامع تکنیکی جانچ پڑتال اور مقررہ معیار کی تصدیق کے بعد ہی جاری کیے جائیں تاکہ سرکاری وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی تمام منصوبوں کی مسلسل نگرانی کرتی رہے گی اور کسی بھی قسم کی غفلت، ناقص تعمیراتی کام یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ترقیاتی عمل کی مو¿ثر مانیٹرنگ کے ذریعے اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ تمام منصوبے مقررہ مدت، اعلیٰ معیار اور مکمل شفافیت کے ساتھ پاییہ تکمیل تک پہنچیں تاکہ ضلع جعفرآباد کے عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے بھرپور انداز میں مستفید ہو سکیں۔
کسی بھی قسم کی غفلت، ناقص تعمیراتی کام یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی،خالد خان
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل