دوشیزہ اغواء،متاثرہ خاندان نے پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاجی دھرنا دیدیا
سونمیانی وندر(نمائندہ گوادر بزنس)وندر کے زرعی علاقے باندیکہ سے دوشیزہ اغواءمتاثرہ خاندان کے ہمراہ سینکڑوں کی تعداد میں مختلف قبائل سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے وندر پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے بصورتِ دیگر روڈ بلاک اور سخت احتجاج کیا جائے گا مظاہرین کی میڈیا سے گفتگو۔ قبائلی عمائدین میر فتح خان جاموٹ ، وڈیرہ محمد سلیمان انگاریہ ، محمد آچار برہ ، سابق وائس چیئرمین عبدالقادر دودا ، وڈیرہ محمد امین دودا ، فتح محمد دودا ، عظیم اللّٰہ دودا ، مہر علی دودا ، اللّٰہ ڈنہ دودا ، وڈیرہ الطاف برہ ، چیئرمین امام بخش برہ ، وائس چیئرمین عبدالحمید رونجہ ، مصطفیٰ برہ ، عیسیٰ برہ ، اصغر موندرہ ، عبدالعزیز انگاریہ ، ٹھیکدار حاجی ایوب انگاریہ و دیگر نے متاثرین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل بلوچ قبائلی روایات کے سراسر خلاف ہے ملزمان کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے ورنہ ایسی حرکت کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ اس موقع پر ایس ایچ او وندر عبدالحق موسیانی نے مظاہرین کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ملزمان کہیں بھی ہوں بچ نہیں سکتے درخواست کنندہ کے فراہم کردہ معلومات کے تحت ڈیٹا اکھٹا کر لیا ہے جلد ملزمان ٹریس ہونگے۔ احتجاجی مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ دنوں باندیکہ سے دوشیزہ کو اغواءکیا گیا جس کی اطلاعی رپورٹ تھانے میں دی گئی اپنے طریقے سے بہت تلاش کیا گیا تاہم سراغ ملا ہے کہ اسے سندھ لے جایا گیا ہے اور ہمیں خدشہ ہے کہ اسے ڈرا دھمکا کر کورٹ نکاح یا کسی اور طرح سے نقصان پہنچایا جائے گا۔ پولیس فوری ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائے۔ مظاہرین کی جانب سے گل حسن اور خلیل نامی افراد بتائے گئے جو اغواءکاری عمل میں ملوث بتائے جارہے ہیں پولیس کی جانب سے یقین دہانی پر علاقہ معززین نے مظاہرین کو فی الوقت احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی جس پر عارضی طور پر احتجاج موخر کیا گیا۔