موسیٰ خیل ،کنگری میں دو روز کے دوران زلزلے کے متعدد جھٹکوں سے 110 سے زائد مکانات جزوی ،18 افراد زخمی
کوئٹہ۔۔۔۔۔۔(این این آئی) بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری میں دو روز کے دوران زلزلے کے متعدد جھٹکوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 110 سے زائد مکانات جزوی طور پر متاثر جبکہ کم از کم 18 افراد زخمی ہوگئے ۔ پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 26 جون کو آنے والے زلزلے سے موضع چاپ سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں تقریباً 80 سے 90 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 6 افراد معمولی زخمی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق 27 جون کو تحصیل کنگری میں آنے والے ایک اور زلزلے کے نتیجے میں مزید 25 سے 35 مکانات متاثر ہوئے جبکہ 10 سے 13 افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ابتدائی اور مجموعی جائزے کے مطابق دونوں زلزلوں کے باعث مجموعی طور پر 110 سے 125 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ کم از کم18 افراد زخمی ہوئے ہیں۔زلز لے کے بعد ضلعی انتظامیہ موسیٰ خیل نے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ زخمیوں اور متاثرہ افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ خاندانوں میں خیمے، بستر، کچن کا سامان، سولر لائٹس، گیس سلنڈر، فرشی چٹائیاں، مچھر دانیاں اور دیگر ضروری غیر خوراکی اشیاءتقسیم کی گئی ہیں۔پی ڈی ایم اے کے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (پی ای او سی) کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ نقصانات کے مکمل تعین اور مزید امدادی و بحالی اقدامات کے لیے جامع سروے جاری ہے۔