بلوچستان اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے ، گورنر

کوئٹہ(خ ن)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (MSF) کے زیرِ اہتمام پروگرام کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں، اور ہم ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ دوسرے نوجوانوں کو بھی قومی دھارے میں لانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب پاکستانیت کو اپنائیں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں بروئے کار لائیں۔ بلوچستان اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے لہٰذا نوجوانوں کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پڑھائی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ اس موقع پر سردار عبدالرحمن کیتھران، سینٹر سعیدالحسن مندوخیل، پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ زرین خان مگسی، اہم پی اے زرک خان مندوخیل، خلیل جارج اور میر نوراللہ لہڑی اایم ایس ایف ڈسٹرکٹ صدر ہمایوں کاکڑ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ زرین مگسی اور ایم پی اے زرک مندوخیل ہماری پارٹی کے انتہائی فعال اور متحرک پارلیمانی ارکان ہیں جبکہ سردار عبدالرحمن کھیتران بھی نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج متعدد پارلیمانی ارکان ایم ایس ایف کے اس پروگرام میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے شریک ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوانوں کی تعلیم، ترقی اور مستقبل ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تقسیم لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس کی فراہمی میں بھی آپ کا خاص خیال رکھا جائیگا۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ صوبےبھر کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کی گئی ہیں جن کے نتیجے میں صوبے بھر کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کی رینکنگ اینڈ اسکورنگ 80 فیصد تک پہنچائی گئی ہے جو ہم سب کیلئے ایک اعزاز ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران نے مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیرِ اہتمام پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قلم کی طاقت بندوق سے زیادہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان قلم کے ذریعے جہاد کریں کیونکہ قلم کے جہاد کے سامنے دنیا کی کوئی رکاوٹ دیرپا ثابت نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان اور بلوچستان کو آگے لے جائیں۔پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ زرین خان مگسی نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی کا 70 فیصد سے زائد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔ نوجوانوں کو قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے بلا تفریق پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو آگے لے جائیں۔رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منشور میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اہمیت رکھتا ہے۔ نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ محض بلوچستان کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مستقبل ہیں۔ اپنی صلاحیتوں کو تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے نکھاریں اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔سابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا کہ نوجوان ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور انکی تعلیم اور ترقی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ ہم آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں