کوئٹہ(یو این اے) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں کمی کے لیے شرح سود میں مناسب کمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں 0.5 فیصد اضافہ کرکے اسے 11.5 فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کر دیا گیا ہے، جس سے کاروباری طبقے، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں پر مزید مالی دبا پڑنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلند شرح سود کے باعث کاروباری طبقے، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کے اثرات ملکی معیشت، روزگار کے مواقع اور عام شہریوں کی زندگیوں پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں حکومت اور متعلقہ مالیاتی اداروں کو ایسی پالیسی اختیار کرنی چاہیے جس سے کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی آئے، نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو اور صنعتوں کو ترقی کے مواقع میسر آئیں۔ شرح سود میں مناسب کمی سے کاروباری سرگرمیوں کو تقویت مل سکتی ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ سید امان شاہ نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور عوام کی قوتِ خرید میں کمی جیسے مسائل پہلے ہی سنگین صورتحال اختیار کر چکے ہیں۔ ایسے حالات میں ضروری ہے کہ معاشی فیصلے کرتے وقت عام آدمی، چھوٹے تاجروں، صنعت کاروں اور متوسط طبقے کے مسائل کو مدنظر رکھا جائے۔ حکومت کو چاہیے کہ معاشی استحکام کے ساتھ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ایسی معاشی پالیسیوں کی حمایت کرتی ہے جو ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری بڑھانے، کاروباری طبقے کو سہولتیں فراہم کرنے اور عام شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں۔ معاشی ترقی کے ثمرات صرف چند طبقات تک محدود رہنے کے بجائے ملک کے تمام شہریوں تک پہنچنے چاہئیں۔
شرح سود میں کمی وقت کی اہم ضرورت ہے،سید امان شاہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل