ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد مندوخیل کا وندر شہر کا دورہ

سونمیانی وندر( زبیر بلوچ) ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد مندوخیل کا وندر شہر کا دورہ مین آر سی ڈی شاہراہ وندر بازار میں ناجائز تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد مندوخیل نے ڈام بندر پر منعقدہ کھلی کچہری سے واپسی پر وندر شہر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مین آر سی ڈی شاہراہ اور وندر بازار میں قائم ناجائز تجاوزات کا نوٹس لیا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح ہدایت جاری کی کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر دکانوں کا سامان رکھ کر ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر حب نے اسسٹنٹ کمشنر وندر سیف علی مغل اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی وندر کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں قائم تمام ناجائز تجاوزات کے خلاف فوری اور بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے مین شاہراہ کو ہر صورت تجاوزات سے پاک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوں اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی وندر محمد جان ساسولی ، سیکرٹری میونسپل کمیٹی عنایت اللہ راٹھور ، ایس ایچ او وندر عبدالحق موسیانی سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں