بی ایڈ محض ایک روایتی تعلیمی پروگرام نہیں،پروفیسر ڈاکٹر گل حسن

بی ایڈ محض ایک روایتی تعلیمی پروگرام نہیں،پروفیسر ڈاکٹر گل حسن

تربت۔۔۔۔یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی زیرصدارت وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جامعہ تربت کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر محمد طاہر حکیم، کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض احمد، شعبہ ایجوکیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر مہناز اسلم اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد نے شرکت کی۔ اجلاس میں شعبہ ایجوکیشن کو مزید مستحکم کرنے، بی ایڈ پروگرام کی اپ گریڈیشن اور اسے عہد حاضر کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لئے شروع کئے گئے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔ اس موقع پر نصاب کی ڈیجیٹلائیزیشن اورجدید تدریسی طریقوں کو اپنانےکے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ مستقبل کے اساتذہ کو عصرِ حاضر کے تقاضوں اور چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے قابل بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا اور ٹیچر ایجوکیشن کے ساتھ ساتھ طلبہ کو کلاس روم مینجمنٹ، کمیونیکیشن اسکلز، کمپیوٹر ، جدید ڈیجیٹل مہارتوں اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے موثر استعمال کی تربیت فراہم کرنے کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایڈ محض ایک روایتی تعلیمی پروگرام نہیں بلکہ ایک اہم پروفیشنل ڈگری ہے، جس کا براہ راست اثر ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل پر پڑتا ہے۔ لہٰذا بدلتے وقت کے ساتھ دوسرے تعلیمی پروگراموں کی طرح بی ایڈ کے نصاب کی ری اسٹرکچرنگ اوراسے ملکی و بین الاقوامی معیارات اور مارکیٹ کی جدید ضروریات کے مطابق بنانا گزیر ہے۔وائس چانسلر نے فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین اور شعبہ ایجوکیشن کے چیئرپرسن کو تاکید کی کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر فوری اور موثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے جس کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔اجلاس کے دوران شرکا نے بی ایڈ پروگرام کو مزید موثر اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے فریم ورک سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔اس سے قبل شعبہ ایجوکیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر مہناز اسلم نے اجلاس کو شعبے کی بہتری اور بی ایڈ پروگرام کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے کی جانے والی پیشرفت پر بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں