صحبت پور، واٹر سپلائی کا نظام درہم برہم،شہری ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر

صحبت پور، واٹر سپلائی کا نظام درہم برہم،شہری ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر

صحبت پور ۔۔۔صحبت پور شہر میں واٹر سپلائی کا اکلوتا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے، جبکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا یہ سرکاری منصوبہ محکمہ کے بجائے ٹھیکیداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسکیم کی مین حفاظتی دیوار گر چکی ہے اور واٹر سپلائی کے ساتھ بنائی جانے والی نالی بھی ادھوری چھوڑ دی گئی ہے، جس سے منصوبے میں پرانے اور انتہائی ناقص مٹیریل کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔ اس سنگین صورتحال کے باعث شہر میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہو گیا ہے اور شہری اس شدید مہنگائی کے دور میں بھی بھاری رقوم کے عوض پرائیویٹ ٹینکرز سے پانی خریدنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔صحبت پور کے سیاسی اور سماجی حلقوں نے واٹر سپلائی کے اس ناقص اور غیر فعال نظام پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے شہریوں کے ساتھ سراسر ناانصافی قرار دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹھیکیدار من مانے طریقے سے واٹر سپلائی چلا رہے ہیں اور متعلقہ حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ سماجی مشران اور سیاسی کارکنوں نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ صحبت پور واٹر سپلائی اسکیم کی تباہی اور ٹھیکیداروں کی من مانیوں کا فوری نوٹس لیں، اور ناقص کام کرنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے شہر میں پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں